شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود کی ملاقاتیں،پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت

پنجاب کو معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنادیا ہے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں

منگل 15 اپریل 2025 17:36

شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود نے اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنادیا ہے اس لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں۔پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیزی سے نئی انڈسٹری لگ رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی سرمایہ کار بھی گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل کے کارخانے لگا رہے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت بھی موجود ہے۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت اور موقع موجود ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہاہے۔سولر انرجی پر منتقلی سے پیدا واری لاگت میں کمی آئے گی۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ کاروبار کیلئے سازگار ماحول کے باعث پنجاب میں اربوں ڈالر کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کی حکومتی کاوشوں کو سراہا۔پاکستانی نژاد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہرکی۔