Live Updates

عمران خان سے آج ہماری ملاقات نہ کرائی گئی تو ہم یہیں بیٹھے رہیں گے، علیمہ خان کا اعلان

پچھلی بار ہمیں دھوکہ دیا گیا اور کہا گیا کہ گرفتار کر رہے ہیں تھانے منتقل کریں گے لیکن ہمیں کہیں بیابان میں چھوڑ دیا گیا، آج واضح کر دیا ہے کہ اگر ملاقات نہ کرائی گئی تو یہاں سے نہیں جائیں گے؛ میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 اپریل 2025 16:33

عمران خان سے آج ہماری ملاقات نہ کرائی گئی تو ہم یہیں بیٹھے رہیں گے، ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بھائی سے ملاقات کیے بغیر یہاں سے واپس نہیں جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تینوں بہنوں اور کزن قاسم خان کو ایک بار پھر ان سے ملاقات کرنے سے روک دیا گیا، پولیس نے تینوں بہنوں کو گورکھ پورناک سے آگے جانے سے روک دیا، جس کے بعد علیمہ خان گاڑی سے نکل کر فٹ پاتھ پر بیٹھ گئیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے آج ہماری ملاقات نہ کرائی گئی تو ہم یہیں بیٹھے رہیں گے، پچھلی بار ہمیں دھوکہ دیا گیا اور کہا گیا کہ گرفتار کر رہے ہیں تھانے منتقل کرینگے لیکن ہمیں کہیں بیابان میں چھوڑ دیا گیا آج واضح کر دیا ہے کہ اگر ملاقات نہ کرائی گئی تو یہاں سے نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ اڈیالہ جیل پہنچ گئے، بشریٰ بی بی سے ملاقات کیلئے ان کے فیملی ممبران بھی اڈیالہ جیل پہنچے، بشریٰ بی بی کی فیملی ممبر مہر النساء احمد اڈیالہ جیل پہنچ گئیں، بشریٰ بی بی کے فوکل پرسن رائے سلمان کھرل ایڈووکیٹ بھی اڈیالہ جیل پہنچے، اس کے علاوہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر ایڈووکیٹ بھی اڈیالہ جیل گئے تاہم پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے اڈیالہ جیل کی جانب جانے سے روک دیا، اسی طرح نعیم بنجھوتہ کو بھی پولیس نے پہلے ناکے پر ہی روک لیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے دن پر اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی سخت کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کیے گئے ہیں جس کے لیے اڈیالہ جیل کے اطراف پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی، سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز نے کی، ایس پی صدر کی جانب سے موقع پر موجود پولیس ٹیموں کی نگرانی کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات