پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ میں پنجاب کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

منگل 15 اپریل 2025 18:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ کے زیر اہتمام پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور نئی نسل کو ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کے لئے پنجاب کلچر ڈے کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب طاہرہ پروین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریب کا افتتاح کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب شاہین کوثر نے پرنسپل سعیدہ وحید کالج آف نرسنگ مصباح کے ہمراہ سٹوڈنٹس کے مختلف روائتی کھانوں کے سٹالز کا دورہ بھی کیا جبکہ پنجابی روائتی کھیل اور ثقافتی مشہور کرداروں کو دیکھا۔

مہمانوں نے پنجابی ثقافت کی شاندار پیشکش پر پرنسپل کالج رضیہ بانو سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ نرسنگ سے وابستہ خواتین نے روایتی لباس زیب تن کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے جبکہ پنجاب کی ثقافت کو خوبصورتی سے اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نرسنگ طاہرہ پروین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجابی ثقا فت سے دلی وابستگی رکھتی ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ثقافت کے فروغ کیلئے ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو انتہائی خوش آئند امر ہے۔

طاہرہ پروین نے کہا کہ پنجابی ثقافت ہماری پہچان ہے اور نئی نسل کو اس بارے آگاہی دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔پرنسپل پی جی سی این رضیہ بانو نے کہا کہ ہم نصابی سر گر میو ں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں جو بہت ضروری ہیں تاکہ طالبات کو نہ صرف تفریح کے مواقع میسر آئیں بلکہ وہ اپنی ثقافت اور روایات سے جڑی خوشگوار یادیں بھی سمیٹ سکیں۔ڈی جی این طاہرہ پروین نے پوزیشن ہولڈرز طالبات کو اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا۔اس شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔