آئی ایم اے وفد کی سوشل سکیورٹی ہسپتال انتظامیہ کیساتھ ملاقات

مزدروں کوتمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ‘ ایم ایس کی یقین دہانی

منگل 15 اپریل 2025 21:37

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)انڈسٹریل مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے سوشل سکیورٹی ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کی جس میں صنعتی کارکنان کو علاج معالجہ کے درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی ،ایم ایس ہسپتال نے یقین دہانی کروائی کہ مزدروں کوتمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق انڈسٹریل مینجمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ایم ای)کے وفد کی صدر چودھری فلک شیر کی قیادت میں ایم ایس سوشل سیکورٹی ہسپتال سجاد ملہی کیساتھ ملاقات کی،ملاقات میں طویل عرصے سے صنعتی کارکنان کو درپیش علاج معالجہ کے مسائل،اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر تبادلہ خیال ہوا۔

صدر آئی ایم اے چودھری فلک شیر نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال میں طبی سہولیات کے فقدان سے غریب مزدور نجی ہسپتالوں و کلینک سے علاج کروانے پر مجبور ہیں،ہسپتال میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف،ادویات کی کمی،ایکسرے پلانٹ اور الٹراسانڈ مشین سمیت دیگر سہولیات موجود نہ ہونے سے مزدور طبقہ پریشانی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری آئی ایم اے ملک محمد ریاض نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کو کروڑوں روپے ماہانہ کنٹری بیوشن ادا کرنے کے باجود صنعتی ملازمین کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی سے آجر اور اجیر پریشان ہیں،پیسی انتظامیہ کی عدم توجہ اور غفلت سے رائے ونڈ کی سینکڑوں فیکٹریوں کے لاکھوں مزدور علاج معالجہ کیلئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں،مزدوروں کیساتھ ڈاکٹرز کا رویہ انتہائی غیر مناسب ہونے سے مزدور طبقے نے ہسپتال آنا چھوڑ دیا ہے۔

ایم ایس ڈاکٹر سجاد ملہی نے آئی ایم اے وفد کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ چند دنوں میں تمام مسائل کو حل کردیا جائیگا اور صنعتی ملازمین کو علاج معالجہ کی تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔