پائیدار مستقبل پر نوجوانوں کی رائے جاننے کے لیے یو این فورم شروع

یو این بدھ 16 اپریل 2025 03:15

پائیدار مستقبل پر نوجوانوں کی رائے جاننے کے لیے یو این فورم شروع

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 16 اپریل 2025ء) دنیا بھر کے نوجوان اس ہفتے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں جمع ہو کر دنیا کو منصفانہ، ماحول دوست اور مزید پائیدار جگہ میں تبدیل کرنے کے لیے تجاویز پیش کریں گے۔

اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل (ایکوسوک) کے یوتھ فورم کی صورت میں ہونے والے اس اجتماع میں دنیا کی ترقی کے لیے پائیدار تبدیلی اور سماجی شمولیت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

یہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہر سال منعقد ہونے والا نوجوانوں کا سب سے بڑا عالمی اجتماع ہے۔

Tweet URL

فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فائلیمن یانگ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک ایسی سرمایہ کاری ہے جس سے پورے معاشرے اور اس کے تشکیل کردہ مستقبل کو پائیدار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایکوسوک کے صدر باب رے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کے لیے مزید مستحکم، مشمولہ اور منصفانہ مستقبل تشکیل دینے کی ہنگامی ضرورت جس قدر واضح اب ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ نوجوان مستقبل کے رہنما ہیں اور انہیں کل کا انتظار کرنے کے بجائے آج ہی اپنا کردار شروع کرنا ہو گا۔

نوجوانوں کا قائدانہ کردار

امسال 'نوجوانوں کا قائدانہ کردار: پائیدار ترقی کے لیے سائنس اور سماجی شمولیت' اس فورم کا بنیادی موضوع ہے۔

اس کے تحت صحت و تعلیم میں بہتری لانے، عدم مساوات کو کم کرنے اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے نوجوانوں اور دیگر کے زیرقیادت اختراعی تصورات اور اقدامات پیش کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے اور جنگلات و سمندروں کو تحفط دینے پر بھی بات چیت ہو گی۔

جرمنی سے فورم میں شریک ہونے والے ایک نوجوان نے یو این نیوز کو بتایا کہ ایسے لوگوں کو نمائندگی ملنا بہت اہم ہے جنہیں اہم موضوعات پر بات کرنے کا موقع نہیں مل پاتا۔

سماجی شمولیت

دنیا کو بہت سے پیچیدہ بحرانوں کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں نوجوانوں کا کردار بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ تبدیلی لانے والوں کی حیثیت سے یہ نوجوان سماجی انصاف، پائیدار ترقی اور عالمگیر سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

کینیڈا سے آنے والے نوجوان ریان لی نے یو این نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فورم میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے سماجی شمولیت بہت اہم ہے۔

زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو بات چیت اور فیصلہ سازی میں شریک کرنا ضروری ہے کیونکہ اسی صورت ان کے خدشات سے آگاہی مل سکتی ہے۔

پائیدار ترقی کی قوت

نوجوان تازہ اور دلیرانہ تصورات پیش کرتے ہیں اور دنیا کی بہتری کے لیے ان کا بہت اہم اور منفرد کردار ہے۔ وہ پائیدار ترقی کی قوت ہیں اور مقامی، قومی و عالمی سطح پر اختراع و ترقی کا پہیہ آگے بڑھاتے ہیں۔

فورم میں شریک نوجوان شمانے ربانی نے یو این نیوز کو بتایا کہ نوجوان تبدیلی کا حصہ بننا چاہتے ہیں اور وہ قومی و عالمی پالیسیوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ ایسی بات چیت میں نوجوانوں کی فعال شمولیت بہت ضروری ہے جو آنے والی نسلوں کے پائیدار، مساوی اور مشمولہ مستقبل کی بنیاد بنتی ہے۔

اس فورم کا انعقاد ایکوسوک کے صدر نے کیا ہے اور اس کے انتظام میں اقوام متحدہ کے متعدد ادارے شامل ہیں۔

یہ نوجوانوں کے لیے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ بامعنی بات چیت کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

فورم جمعرات تک جاری رہے گا جس میں مختلف موضوعات پر آٹھ اجلاس ہوں گے۔ اس دوران پائیدار ترقی کے لیے 2030 کے ایجنڈے اور اس کے 17 اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی کوششوں پر بات چیت ہو گی۔