میانمار: زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدے یو این جہاز کی آمد

یو این بدھ 16 اپریل 2025 03:30

میانمار: زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدے یو این جہاز کی آمد

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 16 اپریل 2025ء) پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کا جہاز زلزلہ زدگان کے لیے 40 میٹرک ٹن امدادی سامان لے کر میانمار پہنچ گیا ہے۔

امدادی سامان میں خیمے اور گھریلو ضرورت کی اشیا شامل ہیں جو زلزلے سے متاثرہ تقریباً 16 ہزار لوگوں کو پہنچائی جائیں گی۔ 28 مارچ کو ملک کے وسطی علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں تقریباً 3,600 افراد ہلاک اور 5,000 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں جبکہ سیکڑوں لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

امدادی اداروں کے مطابق، ملک بھر میں تقریباً 27 لاکھ لوگ زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جن میں بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ اس آفت میں 190 طبی مراکز اور 2,300 سے زیادہ سکولوں سمیت بہت سی اہم شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے مجموعی طور پر 275 ملین ڈالر کے امدادی وسائل مہیا کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ 'یو این ایچ سی آر' نے 12 لاکھ لوگوں کے لیے 16 ملین ڈالر کے مالی وسائل طلب کیے ہیں۔