مٹی کی بگڑتی ہوئی صحت ملک میں غذائی تحفظ کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہے،ڈاکٹر ذوالفقار علی

بدھ 16 اپریل 2025 10:45

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)مٹی کی بگڑتی ہوئی صحت ملک میں غذائی تحفظ کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور کراپ روٹیشن کو فروغ دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کے 37ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے آن لائن خطاب کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت فوزیہ آفتاب نے کی۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں، کم پیداواری صلاحیت، مٹی اور دیگر مسائل سمیت سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے اعلیٰ ہنر مند اور تکنیکی اعتبار سے مضبوط پیشہ ور افراد کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا جو زرعی شعبے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دورحاضر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ہمیں ایسی فصلات کی اقسام کو پروان چڑھانا ہو گا جو اس کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے مختلف فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی زیادہ پیداوار کی حامل اقسام متعارف کروائی ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید کاشتکاری کے طریقوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔

انہوں نے تحقیق اور فیلڈ ایپلی کیشن کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں توسیعی خدمات اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن ٹولز کے کردار پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون کے تحت سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز، پاکستان کوریا نیوٹریشن سینٹر،چینی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور سیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم ہیں جو کہ فوڈ سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تیار کردہ نئی اقسام کے بارے میں بھی بتایا۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور مہمانوں کو سووینئر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :