راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں چھتی قبرستان کے قریب رات گئے دو مسلح ملزمان کی پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ

بدھ 16 اپریل 2025 15:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں چھتی قبرستان کے قریب رات گئے دو مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا۔ ترجمان کے مطابق پولیس پارٹی معمول کی گشت پر علاقہ میں موجود تھی کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

زخمی ملزم کی شناخت عمر خان کے نام سے ہوئی ہے جو منشیات کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس پارٹی نے ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی اور تھانہ پیرودھائی پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔