وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،احساس پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں پر عملدرآمد اور پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

بدھ 16 اپریل 2025 15:36

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت   اجلاس،احساس  پروگرام  کے تحت ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت احساس پروگرام سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعلی ہاوس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں احساس پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں پر عملدرآمد اور اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ان پروگراموں میں احساس اپنا گھر، احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگار شامل ہیں۔

اجلاس میں متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ متعلقہ محکموں اور شراکت دار اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کو اپنے اپنے پروگراموں کی مکمل اونرشپ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پروگراموں پر عملدرآمد کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، محکمے اپنے متعلقہ پروگراموں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد اور پیشرفت یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور نے ان پروگراموں کے تحت قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے، یہ صوبائی حکومت کے اہم فلاحی منصوبے ہیں، ان پر عملدرآمد میں تاخیر قابل قبول نہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان پروگراموں کی بھر پور تشہیر کی جائے تاکہ ذیادہ سے ذیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔ان پروگراموں میں صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے تناسب سے کوٹہ دیا جائے۔

ان پروگراموں میں خواتین، خصوصی افراد، نوجوانوں اور خواجہ سراؤں سمیت تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں متعلقہ حکام کی طرف سے پروگراموں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ کے مطابق احساس نوجوان پروگرام کے دو مختلف اجزا کا اجرا کر دیا گیا ہے،احساس نوجوان پروگرام کے پہلے مرحلے پر ایک ارب روپے کی لاگت سے بنک آف خیبر کے ذریعے عمل درآمد جاری ہے۔

بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت قرضوں کے حصول کے لیے کل 9976 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اس مرحلے کے تحت اب تک نوجوانوں کے 47 کلسٹرز میں 11 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔بریفنگ کے مطابق 120 کیسز چھان بین کے مراحل میں ہیں۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پروگرام کے تحت کیسز پراسس کرنے کے عمل کو سادہ اور مختصر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ایک ہفتے میں واضح پیش رفت نظر آنی چاہیے۔

اجلاس میں بریفنگ کے مطابق احساس نوجوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ دو ارب روپے کی لاگت سے اخوت کے ذریعے لانچ کیا گیا ہے، اب تک پروگرام کے لئے 20 کروڑ روپے جاری کئے گئے جو سارے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔بریفنگ کے مطابق مختلف اضلاع سے 1390 مستحق افراد اس پروگرام کے تحت بلاسود قرضہ حاصل کر چکے ہیں، پروگرام کے تحت مزید 2600 درخواست گزاروں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کا عمل جاری ہے، وزیر اعلیٰ کی پروگرام کے لئے فوری طور پر مزید 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

بریفنگ کے مطابق احساس اپنا گھر پروگرام بنک آف خیبر کے تعاون سے لانچ کیا گیا ہے، پروگرام کے تحت درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔ بریفنگ کے مطابق اب تک مختلف اضلاع سے 14500 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔احساس ہنر پروگرام کے تحت درخواستوں کی وصولی کے لیے آن لائن پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے۔پروگرام پر عمل درآمد کے لئے 20 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ احساس روزگار سکیم چار ارب روپے کی لاگت سے شروع کی جارہی ہے۔