وزیر اعظم کا سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف لائق تحسین ہے،میاں زاہدحسین

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی معیشت میں حصہ برامدات سے زیادہ ہے،ان کی آرمی چیف کے ساتھ والہانہ محبت بھی قابل تحسین ہے،چیئرمین نیشنل بزنس گروپ

بدھ 16 اپریل 2025 18:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے فلاحی پیکج کا اعلان لائق تحسین ہے۔

اس پیکج کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے انکے قانونی اور دیگر مسائل حل کرنا، انھیں تعلیم اور ملازمتوں میں کوٹہ دینا، ایوارڈز اور ہنرمندی سمیت متعدد مراعات دینا ہے جس سے انکا حوصلہ بڑھے گا۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نیاسلام آباد میں منعقدہ پہلے دو روزہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تارکین وطن کو قوم کی تعمیر میں بے مثال تعاون پر خراج تحسین پیش کیا اور انھیں قوم کا فخرقرار دیا جس سے انکا حوصلہ بڑھے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالت اسلام آباد میں پہلے ہی قائم کر دی گئی ہے اور اسے تمام صوبوں تک توسیع دی جائے گی تاکہ تارکین وطن کی جانب سے دائر قانونی مقدمات کے جلد از جلد فیصلے کئے جا سکیں۔ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ای ریکارڈنگ اور ای فائلنگ کی سہولیات متعارف کروا رہی ہے تاکہ وہ آئے بغیر ویڈیو لنک کے ذریعے ثبوت فراہم کر سکیں۔

میاں زاہد حسین نے بتایا کہ وزیر اعظم نے تعلیمی اداروں میں کوٹوں کا اعلان کیا جس کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کو تمام چارٹرڈ یونیورسٹیوں میں 5 فیصد کوٹہ، وفاقی دارالحکومت کے ڈگری دینے والے اداروں میں 5 فیصد اور میڈیکل کالجوں میں 15 فیصد کوٹہ دیا جائے گا۔ اب فیڈرل بورڈ آف ریونیو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فائلرز تصور کرے گا، جس سے بینکنگ اور کاروباری لین دین اور دیگر معاملات میں ریلیف ملے گا۔

وفاقی حکومت نے بیرون ملک ملازمت کے درخواست دہندگان کے لیے عمر میں بھی چھوٹ دی ہے۔ وزیراعظم نے پنجاب کی ڈیجیٹل اصلاحات کی تعریف کی اوراعلان کیا کہ اس نظام کو لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور بعد میں دنیا بھر کے دیگر مشنز میں شروع کیا جائے گا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ہوائی اڈوں پر گرین چینل کی بحالی کا بھی اعلان کیا۔

اسکے علاوہ ہر سال 14 اگست کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کی بنیاد پر سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کا عہد کیا اور ہر قسم کے تحفظ کا یقین دلایا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور مارچ کے مہینے میں 4.1 ارب ڈالر ملک میں بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کو ہر قسم کے تعاون اور تحفظ کی یقین دہانی کروائی جو قابل تحسین ہے اس موقع پر بیرون ملک پاکستانیوں نے بھی آرمی چیف کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور ان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ماضی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے جبکہ وہ ملک کو برامدی شعبے سے زیادہ کما کر دے رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں کی خدمات کا اعتراف ان کی حوصلہ افزائی کا باعث ہوگا۔