فیصل کریم کنڈی سے برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز، سفارتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کی ملاقات

بدھ 16 اپریل 2025 20:08

فیصل کریم کنڈی سے برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز، سفارتکاروں اور ممتاز کاروباری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بدھ کے روز برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز، سفارتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ان کی رہائش گاہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد میں لارڈ لنکاسٹر آف کِمبولٹن، لارڈ عامر سرفراز آف کینسنگٹن، جناب وقار احمد ملک (ایمبیسیڈر ایٹ لارج)، وسیم الرحمن (سی ای او سیمسن گروپ)، آصف اللہ خان (آکسفورڈ المنی پاکستان)، بیرسٹر منصور شاہ، میاں یوسف جمال، مسٹر مارٹن شلز اور مسٹر سلمان لطیفی شامل تھے۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ خصوصاً اپر دیر، سوات اور چترال جیسے خوبصورت علاقوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک۔برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا، بالخصوص سیاحت کے شعبے میں ان کی دلچسپی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا نہ صرف قدرتی حسن سے مالا مال ہے بلکہ یہاں مذہبی سیاحت کے بے پناہ مواقع بھی موجود ہیں۔ انہوں نے تاریخی مقامات اور قدیم تہذیبوں کے آثار کو عالمی سیاحوں کے لیے پرکشش قرار دیا۔ ملاقات کے دوران سیاحتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور سیاحوں کے لیے سہولیات میں اضافے جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ ایسے روابط نہ صرف عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے بلکہ مقامی کمیونٹیز کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔ملاقات کے آخر میں پائیدار سیاحت کے فروغ اور خیبر پختونخوا کو دنیا کے ایک ممتاز سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔