نیلم پل پرمافیا کا راج ، ریڑھی ، تھڑا بانوں کے بعد نیلم پل سے بالا پیر تک غیر قانونی ٹیکسی اور رینٹ اے کار اڈوں کا راج

بدھ 16 اپریل 2025 22:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)نیلم پل پر مافیا کا راج ، ریڑھی ، تھڑا بانوں کے بعد نیلم پل سے بالا پیر تک غیر قانونی ٹیکسی اور رینٹ اے کار اڈوں کا راج ، پولیس اور انتظامیہ کی اشیر باد کے بعد پیدل چلنا اور اڈے میں داخل ہونے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا، دن بھر جھگڑے اور ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا، تفصیلات کے مطابق نیلم پل جہاں رمضان المبارک سے قبل ریڑھی اور تھڑا بانوں کو ٹاہلی منڈی شفٹ کیا گیا تھا تاہم تھڑوں کے بعد فٹ پاتھ اور سڑک کے دونوں جانب غیر قانونی اڈوں نے نیلم پل سے بالا پیر اور شوکت لائن کے ایریا کو جاگیر بنا لیا ، شہریوں کا پیدل چلنا جب کہ بس سٹینڈ میں داخل ہونے والی ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، راولپنڈی ، لاہور ، کراچی سے آنے والی گاڑیاں کئی کئی گھنٹے سڑک پر کھڑی رہنے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ، ایمر جنسی کی صورت میں یہاں سے نکلنا اور سفر کرنا مشکل بنا دیا گیا ہے ، دلچسپ اور تحقیق طلب بات یہ ہے کہ رینٹ اے کار والوں نے ایک چھوٹی سی دکان کرایے پر لے کر درجنوں گاڑیاں مین شاہراہ پر کھڑی کر کے ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کر رکھا ہے ، تاہم متعلقہ تھانہ اور ضلعی انتظامیہ اس اندھیر نگری پر کوئی کارروائی نہیں کر رہی ، سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ تھڑا مافیا کے بعد تھوڑا سا پیدل چلنے والوں نے سکھ کا سانس لیا تھا اور اڈے میں ہر چھوٹی بڑی گاڑی بآسانی داخل ہو سکتی تھی مگر عید کے بعد غیر قانونی اڈوں نے نیلم پل سے بالا پیر تک دن کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کے نظام کو مفلوج بنا کر رکھ دیا گیا ہے ، شہریوں نے چیف سیکرٹری ، آئی جی پی ، ڈی آئی جی ریجن اور کمشنر مظفرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سمیت نیلم پل ، بالا پیر ، شوکت لائن تک جو غیر قانونی رینٹ اے کار اور رینٹ اے کار قائم کیے گئے ہیں کیخلاف آپریشن کر کے ٹریفک کی روانی کے نظام کو بہتر کیا جائے تاکہ کسی ہنگامی حالت اور راہ گیروں کو پیدل چلنے سمیت سفری مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔