صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ سے سیکرٹری کالجزصالح محمد بلوچ کی ملاقات

بدھ 16 اپریل 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ سے سیکرٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن صالح محمد بلوچ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع کیچ کے پسماندہ علاقے مند میں بچیوں کیلئے انٹرمیڈیٹ کالج کے قیام سے متعلق جاری پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مینا مجید بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مند کا علاقہ ضلع کیچ کے ان علاقوں میں شامل ہے جہاں تعلیمی سہولیات بالخصوص لڑکیوں کے لیے نہایت محدود ہیں جبکہ سکول کی سطح پر تعلیم مکمل کرنے کے بعد بچیوں کو انٹرمیڈیٹ میں داخلے اور مزید تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث اکثر بچیاں تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے یہ منصوبہ جاری مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا جبکہ مند اور گرد و نواح کے علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے وہ تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہیں تاکہ اس علاقے کی بچیوں کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور علاقہ ترقی کے منازل طے کرے۔ انہوں نے اس منصوبے کو تعلیم کے فروغ اور بچیوں کو بااختیار بنانے کی سمت ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ وہ اس جیسے دیگر اہم منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر فورم کا استعمال کریں گی تاکہ لوگوں کو مناسب سہولیات علم و ہنر میسر آ سکے۔

سیکرٹری کالجز صالح محمد بلوچ نے صوبائی مشیر کو اس منصوبے سے متعلق جاری پیش رفت سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اس کالج کے قیام کے لیے درکار تمام اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گا۔

متعلقہ عنوان :