زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں مسلسل تنزلی

چین کی جانب سے قرض کی مخر ادائیگی کی سہولت اور دنیا کی دیگر کرنسیوں میں ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات پڑے ہیں

بدھ 25 جون 2025 21:40

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں مسلسل تنزلی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)انٹربینک مارکیٹ اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان بدستور جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)پروگرام میں تعاون کی غرض سے چین کی مزید دو سال کے لیے ایک ارب 80کروڑ ڈالر کے قرض کی موخر ادائیگیوں کی سہولت دینے، مارکیٹ ٹریژری بلوں میں غیرملکیوں کی سرمایہ کاری حجم 73.6ملین ڈالر تک پہنچنے اور عالمی سطح پر خام تیل کی گھٹتی قیمتوں کے مثبت اثرات بدھ کو زرمبادلہ کی دونوں مقامی مارکیٹوں پر اثرانداز رہے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کمزور ہونے جیسے عوامل کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا اور ایک موقع پر ڈالر کی قدر 26پیسے کی کمی سے 283روپے 50پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔تاہم اس دوران سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 04پیسے کی کمی سے 283روپے 72پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 5 پیسے کی کمی سے 285روپے 75پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔