پنجاب بھر میں 1319 ٹریفک حادثات میں 17 افراد جاں بحق، 1572 زخمی

بدھ 25 جون 2025 22:47

پنجاب بھر میں 1319 ٹریفک حادثات میں 17 افراد جاں بحق، 1572 زخمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں1319ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں634افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔938معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (74فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں888ڈرائیوز،48کم عمرڈرائیور،551مسافراور150پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ262ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت349متاثرین کے ساتھ پہلے ملتان 97حادثات میں101متاثرین کے ساتھ دوسر ے ،فیصل آباد 92حادثات میں106متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1589متاثرین میں1299مرد اور290خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں208افراد کی اوسط عمر18سال سے کم910افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ471زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں1235موٹرسائیکلز،68آٹورکشے،136کاریں،23وین،11مسافر بسیں،43ٹرک اور109دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔