Live Updates

پاکستان سپر لیگ ،اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دے کرفتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی

جمعرات 17 اپریل 2025 01:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 53 اور کولن منرو نے 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

محمد رضوان 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور مرد میدان قرار پائے۔ بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 35 گیندوں پر 53 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

کولن منرو نے 25 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ کرس جورڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد رضوان 38، افتخار احمد 32، عثمان خان 31، کامران غلام 17 اور مائیکل بریسویل 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرس جورڈن 5، شائی ہوپ اور ڈیوڈ ولی ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیسن ہولڈر نے تباہ کن بائولنگ کی اور 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،عماد وسیم کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات