5 سالہ بچی کی ندی سے لاش برآمد، بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پوسٹ مارٹم

واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک خاتون کو بچی کو لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے،بچی کے جسمانی اعضا غائب پائے گئے، اہل خانہ کا دعوی اور احتجاج

جمعرات 17 اپریل 2025 14:53

5 سالہ بچی کی ندی سے لاش برآمد، بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)شہر قائد میں 5 سالہ بچی کی ندی سے لاش برآمد ہوئی۔ رپورت کے مطابق بچی کو بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد ندی سے 5 سالہ سویرا کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق 5 سالہ سویرا کی شناخت اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران بچی کے ساتھ زیادتی کے شواہد ملے ہیں۔ مبینہ طور پر بچی کو بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق لاش سے مختلف نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔دوسری جانب لیاقت آباد بی ایریا کی ندی سے کمسن بچی "سویرا" کی لاش ملنے کے بعد ورثا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلزار ہجری پیراڈائز اپارٹمنٹ کے قریب سڑک کو بلاک کردیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

متوفیہ سویرا کے لواحقین جو سچل کے علاقے سکندر گوٹھ کے رہائشی ہیں، نے دعوی کیا ہے کہ بچی کے جسمانی اعضا غائب پائے گئے جس سے واقعے میں سفاکی اور سنگینی کے مزید پہلو سامنے آ رہے ہیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک خاتون کو بچی کو لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی تصدیق اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ورثا کو مکمل قانونی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔