نوجوانوں کو اپنے کلچر سے روشناس کروانا وقت کا تقاضا ہے

جمعرات 17 اپریل 2025 15:14

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) کسی بھی کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے نوجوان نسل کو اس سے روشناس کروانا وقت کا تقاضا ہے، ہماری حکومت نے مقامی کلچرکے فروغ اور نوجوان نسل کی آگاہی کیلئے میلوں کا اہتمام کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اس سلسلہ میں سرگودھا میں نیزہ بازی کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس کھیل سے آگاہی ہو حکومت کو بھی چاہیئے کہ وہ اس کھیل کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن پنجاب اسمبلی صفدر ساہی نے میلہ منڈی گراؤنڈ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صفدر ساہی نے کہا کہ نیزہ بازی جوانوں کا جذبہ جواں رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ گھڑ سوار اپنی جان پر کھیل کر اس نیزہ بازی کو لوگوں کیلئے پیش کرتا ہے ، یہ مہنگا ترین کھیل ہے اور ہماری نوجوان نسل اس سے ناآشنا ہوتی جارہی ہے سرگودھا میں 100سال سے میلہ منڈی میں نیزہ بازی کا تسلسل کیساتھ انعقاد کیا جارہا ہے جو خوش آئند ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کھیلتا پنجاب کو فروغ دینے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کی ۔بعد ازاں میلے کے اختتام پر انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔