زرعی تربیت حاصل کرنے کیلئے 300 پاکستانیوں کا پہلا گروپ چین پہنچ گیا

جمعرات 17 اپریل 2025 21:02

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2025ء) وزیر اعظم پاکستان کے چین میں 1000 نوجوان زرعی پیشہ ور افراد کو تربیت دینے کے اقدام کے تحت 300 شرکائ کا پہلا گروپ صوبہ شانسی کے شہر شیان پہنچ گیا۔ گوادر پرو کے مطابقتربیت حاصل کرنے والوں کو نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فارسٹری یونیورسٹی (این ڈبلیو اے ایف یو) اور یانگلنگ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج میں زرعی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے والی زراعت اور جدید کاشتکاری کے طریقوں کے بارے میں تین ماہ کی تربیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری نے سینئر چینی حکام کے ہمراہ شیان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر زیر تربیت افراد کا استقبال کیا۔ ان کی آمد کے بعد شرکائ کو پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ، تین ماہ کے تربیتی پروگرام کے دائرہ کار اور دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو وسعت دینے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صلاحیت سازی کا یہ اقدام حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے زرعی شعبے کو جدید بنانے اور نوجوان پیشہ ور افراد کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔