بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،4 سرکاری پاور پلانٹس ٹیرف میں کمی پر رضا مند ہوگئے

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو باضابطہ درخواست دیدی، سرکاری پاور پلانٹس کی جانب سے بجلی ٹیک اینڈ پے کی بنیاد پر دینے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 اپریل 2025 11:54

بجلی صارفین کیلئے خوشخبری،4 سرکاری پاور پلانٹس ٹیرف میں کمی پر رضا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہترین۔18اپریل 2025)بجلی صارفین کیلئے خوشخبری ،4 سرکاری پاور پلانٹس ٹیرف میں کمی پر رضامند ہوگئے،سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو باضابطہ درخواست دیدی،بتایا گیا ہے کہ 4 سرکاری پاور پلانٹس کی جانب سے بجلی ٹیک اینڈ پے کی بنیاد پر دینے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا گیا ہے۔

نیپرا میں 4 پاور پلانٹس کی جانب سے بجلی کے ٹیرف میں کمی کرنے کی درخواست پرسماعت 24 اپریل کو ہوگی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ نے جن پاور پلانٹس کے ٹیرف میں کمی کرنے کی درخواست دی ہے ان میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی بلوکی کا بجلی ٹیرف کم کیا جائے گا۔ ناردرن پاور جنریشن نندی پور کے ٹیرف میں کمی بھی درخواست کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی حویلی بہادر کا بھی ٹیرف کم ہوگا ۔

سینٹرل پاور جنریشن کمپنی کا پاور ٹیرف بھی کم ہوگا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بتایا گیا تھا کہ بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے مزید11آئی پی پیز تیار ہوگئے تھے۔بجلی کی پیداوار کے ٹیرف میں کمی کیلئے حمزہ شوگر ملز سمیت 9 بیگاس پاور پلانٹس نے بھی نیپرا میں درخواست جمع کروا دی تھی۔یپرا بیگاس پاور پلانٹس کی درخواست پر 16 اپریل کو سماعت کرے گا۔

نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی مشترکہ ہے جس میں بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے درخواست دی گئی تھی۔بیگاس پاور پلانٹس نے اوپن مارکیٹ میں بجلی فروخت کرنے کی بھی درخواست دی تھی۔نیپرا میں درخواست بیگاس پرچلنے والے 9 پاور پلانٹس اور 2002 کی پاور پالیسی کے تحت لگنے والے 2 آئی پی پیز نے دائر کی تھیں۔

درخواست گزاروں میں چنیوٹ پاور، جے ڈی ڈبلیو ملز یونٹ ٹو، یونٹ تھری، المعیز انڈسٹریز، چنار انرجی، تھل انڈسٹریز، حمزہ شوگر ملز، آر وائی کے ملز اور شاہ تاج شوگر ملز شامل تھیں جنہوں نے بجلی کی پیداور میں منافع کم کرکے 17 فیصد پر فکس کرنے کی درخواست دی گئی تھی جبکہ مرمت اور آپریشن لاگت میں 10 فی صد کمی کی درخواست دی گئی تھی۔ انشورنش فیس میں بھی 0.7 فی صد کمی کی درخواست دی گئی تھی۔ نیپرا کی سماعت میں بیگاس پاور پلانٹس کے ٹیرف فیول کاسٹ کمپونینٹ کاجائزہ لیاجائےگا جب کہ نیپرا میں اس سے پہلے 2002 کی پاور پالیسی کے تحت 7 آئی پی پیز نے درخواست جمع کرائی تھی۔

متعلقہ عنوان :