پسرور، اسسٹنٹ کمشنر پسرور کا ریسکیو 1122 اسٹیشن کا دورہ، دستیاب سہولیات اور نقشہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا

جمعہ 18 اپریل 2025 16:21

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس پسرور کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ریسکیو سٹیشن کی مجموعی کارکردگی، ایمرجنسی مشنری، گاڑیوں، دستیاب سہولیات اور نقشہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایمرجنسی کے لیے ہمہ وقت تیار عملے کی حاضری، گاڑیوں کی فنکشنل حالت اور آلات کی موجودگی کو تسلی بخش قرار دیا اس کے ساتھ ساتھ سٹیشن میں موجود ریکارڈز اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے نقشہ جات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

اس موقع پر سدرہ ستار نے ریسکیو ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں ریسکیو 1122 کا کردار قابل تحسین ہے، اور ایسے اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔