سپریم کورٹ نے 9مئی مقدمات میں عمر سرفراز چیمہ کا کیس بانی پی ٹی آئی کیساتھ منسلک

جمعہ 18 اپریل 2025 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء)سپریم کورٹ نے 9مئی مقدمات میں عمر سرفراز چیمہ کا کیس بانی پی ٹی آئی کیساتھ منسلک کردیاہے دونوں مقدمات کی ایک ساتھ 24 اپریل کو سماعت ہوگی۔ سپریم کورٹ میں 9مئی مقدمات میں عمر سرفراز چیمہ کے جسمانی ریمانڈ کیلئے اپیل پرسماعت ہوئی،چیف جسٹس یحی آفریدی کی سربراہی میں فاضل بنچ نے جمعہ کو سماعت کی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے عمر سرفراز چیمہ کا کیس بانی پی ٹی آئی کیساتھ منسلک کردیا،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ اس کیس کو بانی پی ٹی آئی کیس کے ساتھ آئندہ ہفتے سنا جائے گا، چاہتے ہیں کہ جسمانی ریمانڈ کے کیسز کے فیصلوں میں یکسانیت ہو، بانی پی ٹی آئی کا کیس بھی جسمانی ریمانڈ کا ہے،عمر سرفراز چیمہ کا کیس بھی اسی نوعیت کا ہے،وکیل عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ میرے موکل کو گرفتار کرنے کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی،عمر سرفراز چیمہ کیخلاف ایف آئی آر ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کے بعد دائر کی گئی،وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ عدالت نیعمر سرفراز چیمہ کا ایک دن بھی جسمانی ریمانڈ نہیں دیا، عمر سرفراز چیمہ سے پستول برآمدکرنی ہے،عدالت نے کیس کی سماعت 24اپریل تک ملتوی کردی۔