باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیاحوں کی سہولت کیلئے معلوماتی ڈیسک لگائینگے، تاشفین حیدر

جمعہ 18 اپریل 2025 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر نے کہاہے کہ ملکی و غیرملکی سیاحوں کی سہولت اور آسانی کیلئے باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معلوماتی ڈیسک لگایا جائے گا جس سے پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا رخ کرنے والے سیاحوں کو صوبے کے سیاحتی مقامات بارے معلومات اور سروسز فراہم کی جائے گی۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں سیاحت سے منسلک تمام سٹیک ہولڈرز اور نوجوانوں کیلئے سیاحت انڈسٹری سے متعلق مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ ٹریننگ وقت کی ضرورت تھی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشترہال پشاور میں منعقدہ دوروزہ ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈفنانس خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان ، منیجر ریگولیشن ذیشان مجید، ڈپٹی منیجر لائسنسنگ افراسیاب خٹک، ڈپٹی منیجر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس شاہد رضا سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

ڈی جی ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر کا کہنا تھا کہ سیاحوں کیلئے ڈیسک پر ایئرپورٹ حکام سے بات کی جائے گی۔ دنیا اب آرٹیفشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی طرف گامزن ہے اس وجہ سے سیاحوں کو بہترین اور اہم معلومات کی بروقت فراہمی کیلئے ہوٹل، ریسٹورنٹس، رینٹ اے کار ، ٹریول ایجنسیز، سیاحت و مہمان نوازی کے شعبہ سے منسلک مختلف یونیورسٹی کے طلباء و طالبات ، وی لاگرز اور دیگر مردو خواتین جو اس ورکشاپ میں شریک ہیں ضروری تھی۔

ٹریننگ ورکشاپ میں بزنس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم جس میں ہوٹل و ریسٹورنٹس، رینٹ اے کار اور ٹریول ایجنسیز کیلئے آن لائن لائسنس کا توسیع و اجراء ، سیاحو ں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے آن لائن بکنگ، ڈیجیٹل انفارمیشن کے میدان میں مزید خود کو بہتر کرنے سے متعلق تربیت اور معلومات فراہم کی گئی ۔ اس موقع پر شرکاء نے ٹریننگ میں شریک سٹیک ہولڈرز ، طلباء و طالبات اور دیگر خواتین نے انعقاد کو خوب سراہا۔ تقریب کے آخر میں شرکاء میں اعزازی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔