سردارعتیق احمد کا دورہ سماہنی، مسلم کانفرنس کے سینئرعہدیداران و کارکنا ن سے ملاقاتیں

مسلم کانفرنس کسی برداری قبیلے کی جماعت نہیں ہے ،تمام برداریوں کا گلدستہ ہے،وہ وقت دور نہیں جب ریاست میں مسلم کانفرنس ایک بار پھر اُبھر کر سامنے آئے گی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 18 اپریل 2025 23:13

مظفرآباد/سماہنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان کادورہ سماہنی، مسلم کانفرنس کے سینئرعہدیداران و کارکنا ن سے ملاقاتیں، سماہنی پہنچنے پر مسلم کانفرنسی کارکنان نے صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان کاشاندار استقبال کیااور پھولوں کے ہار پہنائے ۔

دورے کے دوران صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور وفات پا جانے والوں کے گھر جا کران کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی ۔گزشتہ روز صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان سے مسلم کانفرنس عوامی رابطہ بورڈ کے چیئرمین چوہدری خضر حیات کی رہائش گاہ سماہنی میں ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی، راجہ طاہر اقبال،ظفر اقبال مہر، میڈم عامرہ خانم،چوہدری عتیق الرحمان آور دیگر سیاسی اور سماجی کارکنان ملاقات نے ان سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صدرمسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان نے کہا کہ مسلم کانفرنس واحد سیاسی جماعت ہے جو کشمیریوں کی سواد اعظم جماعت ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان داعی جماعت ہے۔ریاست کا ہر بچہ ہر بوڑھا ہر جوان مرد و زن تحریک آزادی کشمیر کو مسلم کانفرنس میں تلاش کر سکتا ہے۔مسلم کانفرنس کسی برداری قبیلے کی جماعت نہیں ہے یہ تمام برداریوں کا گلدستہ ہے۔

مسلم کانفرنس کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے،کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں،مسلم کانفرنس مشکل حالات سے نکل چکی ہے،وہ وقت دور نہیں کہ جب ریاست بھر میں مسلم کانفرنس ایک بار پھر اُبھر کر سامنے آئے گی۔ریاستی عوام آج بھی مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے افکار کو دیکھ کر چل رہے ہیں،ریاستی جماعت کشمیری قوم کی بھر پور نمائندگی کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی اولین جماعت مسلم کانفرنس کی جڑیں عوام میں ہیں اور مسلم کانفرنس کو ختم کرنے والے ہمیشہ مایوس ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس آزادکشمیر کی ریاستی نمائندہ جماعت ہے اور ہمیشہ عوامی حقوق کی فلاح اور تعمیروترقی کیلئے کردار ادا کیا ہے۔ کارکنان جماعت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو مشکل وقت میں بھی جماعت کے ساتھ کھڑے رہے اور کبھی اپنے نظریات پرسمجھوتہ نہیں کرتے۔

دریں اثثناء صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سماہنی میں مسلم کانفرنس عوامی رابطہ بورڈ کے چیئرمین چوہدری خضر حیات کی رہائش گاہ پر ناشتے کی دعوت میں شرکت کی۔ بعدازاںصدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سماہنی میں معروف صحافی سید بدر الاسلام جعفری سے انکے والد محترم حکیم سید علی اکبر شاہ کی وفات پر تعزیت کی ۔

اس ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی، چوہدری خضر حیات، راجہ طاہر اقبال،میڈم عامرہ خانم، راجہ شعبان آصف اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔بعدازاںسماہنی میں ہیڈماسٹر صابر ندیم مغل آف چوکی کے بیٹے کی شادی میں شرکت کی۔۔اس موقع پروزیرحکومت میاں عبدالوحید، چوہدری علی شان سونی، راجہ مقصود خان، چوہدری خضر حیات، راجہ طاہر اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔

صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان سماہنی میں مجاہد اول کے دیرینہ ساتھی، سابق چیئرمین ضلع کونسل بھمبر صوفی محمد سلیم سے انکی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی۔صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان میرپور میں سینئر سیاسی رہنما مرزا ظفر جرال سے انکی اہلیہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی اور مرحومہ کی درجات بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔