حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا شہید ایس حمید وانی کو شاندار خراج عقیدت

جمعہ 18 اپریل 2025 23:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء) اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام حریت رہنما شہید ایس حمید وانی کوانکی اٹھائیسویں برسی پرشاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کنوینئر غلام محمد صفی نے دعائیہ مجلس کی صدارت کی ۔بھارتی قابض افواج نے ایس حمید وانی کو 18اپریل 1998 کو سرینگر میں دوران حراست شہید کر دیا تھا۔

اس موقع پر غلام محمد صفی نے شہید ایس حمید وانی کی لازوال قربانیوں اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ایس حمید وانی ایک سچے اور مخلص رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقوق اور آزادی کے لیے وقف کررکھی تھی ۔

(جاری ہے)

ان کی استقامت، جرات اور بے لوث جدوجہدکشمیری نوجوانوں کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ شہید ایس حمید وانی کا شمار تحریک کے اولین رہنمائوں میں ہوتا ہے اور انہوں نے اپنی فکری بصیرت اور تنظیمی صلاحیتوں سے تحریک کو ایک نئی جلا بخشی۔ ان کی شہادت نے تحریک آزادی کے جذبے کو مزید تقویت بخشی ہے اور کشمیری عوام اپنے عظیم قائد کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔تقریب کے شرکاء نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

غلام محمد صفی نے کہا کہ حریت کانفرنس واضح کرتی ہے کہ کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جائز جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور شہدا کے کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے آخر میں شہید ایس حمید وانی سمیت جملہ شہداء کے بلندی درجات اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کی گئی۔دعائیہ مجلس میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی ، محمد حسین خطیب،سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،نثار مرزا،سید اعجاز رحمانی ،میاں مظفر، ظہور احمد ،شبیر احمد اور دیگر نے شرکت کی ۔