اسلام آبادٹریفک پولیس کی 15دن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 15ہزار سے زائد کارروائیاں

جمعہ 18 اپریل 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) اسلام آبادٹریفک پولیس نے گزشتہ 15دن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 15ہزار سے زائد کارروائیاں کیں۔ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلا م آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پو لیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لا کر حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔

اس سلسلہ میں گزشتہ ہفتے کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 15ہزارسے زائدگاڑیوں ،موٹر سائیکل سواروں ،مال بردار اور عوامی نقل و حمل والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اسلام آبادٹریفک پولیس نے خصوصی مہم کے دوران 1045 غیر نمونہ نمبر پلیٹس ،1027 بغیر ہیلمٹ،2985غیر قانونی پارکنگ ، 674مخالف سمت کے استعمال ، 1276ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی ،369سیٹ بیلٹ، 158موبائل فون کے استعمال اوردیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں جبکہ 1214گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سنگین خلاف ورزیوں پر مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن(ر) سید ذیشان حیدر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دورا ن ڈرائیونگ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس سے تعاون کریں تاکہ شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس وفاقی دارالحکومت میں حادثات کی روک تھام اور قانون کی بالا دستی کو مساوی بنیادوں پر یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔