شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا”عالمی تبدیلی میں ایس سی او کا کردار “کے عنوان سے تقریب سے خطاب

ہفتہ 19 اپریل 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آبادنے جمعہ کو یہاں”عالمی تبدیلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )کا کردار“ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا۔ ایس سی او کے سیکرٹری جنرل نورلان یرمیک بائیف نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے بدلتی ہوئی دنیا میں ایس سی او کے کردار پر روشنی ڈالی اور علاقائی امن، استحکام، روابط اور ترقی میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

ایس سی او کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سفیر سہیل خان اور پاکستان کی نیشنل کوآرڈینیٹر برائے ایس سی او فرحت عائشہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل ایس سی او نورلان یرمیک بائیف نے جغرافیائی سیاسی حقائق کو بدلتے ہوئے امن، سلامتی اور جامع ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر ایس سی او کی بڑھتی ہوئی مطابقت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے باہمی اعتماد، باہمی فائدے، مشاورت، تنوع کے احترام اور مشترکہ ترقی میں جڑی ”شنگھائی روح“ کو اجاگر کرتے ہوئے غیر صف بندی اور کھلے پن کے لیے ایس سی او کے عزم کا اعادہ کیا۔

سیکرٹری جنرل نے 2017 میں مکمل رکن بننے کے بعد سے ایس سی او میں پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آر اے ٹی ایس کے تحت انسداد دہشت گردی، علاقائی روابط، عوام کے درمیان روابط، اور ثقافتی سفارت کاری سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی اہم شراکت کا ذکر کیا۔سیکرٹری جنرل نے پائیدار ترقی، ڈیجیٹل اختراع اور موسمیاتی ریزیلینس کو فروغ دینے میں پاکستان کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر ڈی جی انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد سہیل محمود نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں ایس سی او کے دنیا کے سب سے زیادہ جامع اور متحرک کثیر جہتی پلیٹ فارمز میں سے ایک کے ارتقاءپر روشنی ڈالی۔ سہیل محمود نے ”شنگھائی اسپرٹ“ کی پائیدار مطابقت پر زور دیا جس کی جڑیں باہمی اعتماد، مساوات اور ثقافتی تنوع کے احترام پر ہیں۔انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم خاص طور پر علاقائی روابط، اقتصادی ترقی اور عوام پر مبنی تعاون کے لیے اس کی وکالت کا اعادہ کیا،انہوں نے کہا کہ ایک سرکردہ تھنک ٹینک اور تحقیقی ادارے کے طور پر انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد ان قابل قدر کوششوں کو تقویت دینے کے لیے اپنا صحیح حصہ ڈالتا رہے گا۔

قبل ازیں اپنے تعارفی کلمات میں ادارہ کے ڈائریکٹر چائنا پاکستان سٹڈی سینٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے ایس سی او کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تنظیم کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی خاص طور پر کنیکٹیویٹی، انسداد دہشت گردی، تجارت اور عوام سے عوام کے تباد لہ کو اجاگر کیا۔ تقریب میں سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور میڈیا کے ارکان سمیت متنوع سامعین نے بھرپور شرکت کی۔