کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت عالیہ حمزہ و دیگر کیخلاف مقدمہ درج

پی ٹی آئی رہنماء کو باضابطہ گرفتار کرلیا گیا،عالیہ حمزہ کیخلاف تھانہ ائیرپورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا، آج ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 19 اپریل 2025 12:11

کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت عالیہ حمزہ و ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل 2025)راولپنڈی میں کار سرکار میں مداخلت اور روڈ بلاک کرنے کی دفعات کے تحت عالیہ حمزہ ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،پی ٹی آئی رہنماءکو باضابطہ گرفتار کرلیا گیا، تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو آج ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا ،عالیہ حمزہ کیخلاف تھانہ ائیرپورٹ نے پولیس پر پتھراو اور مزاحمت سرکار کے الزامات کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے سڑک بلاک کر کے احتجاج اور پولیس پر پتھراو بھی کیا۔مقدمے میں 35 افراد نامزد ہیں۔ 2خواتین سمیت 5 کارکنوں کو موقع سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمہ تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے محمد افضل سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی عالیہ حمزہ سے ملاقات نہ کرانے پر وکیل تابش فاروق نے عدالت سے رجوع کر لیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بیلف مقرر کیا جائے۔ عالیہ حمزہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے۔ ویمن پولیس اسٹیشن کا دروازہ نہ کھولنے پر بھی عدالت سے قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو راولپنڈی سے گرفتار کیاگیاتھا۔عالیہ حمزہ گزشتہ شب ورکرز کنونشن سے خطاب کیلئے نورانی محلہ پہنچیں تھیں جنہیں گرفتار کر کے ویمن پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا تھا۔

بعدازاں پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے ایکس اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہیں اور کارکنان کو گرفتار کر کے تھانہ سول لائن راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ حمزہ تحریک انصاف کے ورکرز کنوینشن میں شرکت کیلئے جمعہ کو راولپنڈی پہنچی تھیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں ورکرز کنوینشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما ءسیمابیہ طاہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عالیہ حمزہ سمیت 6 کارکنوں کو ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار کیا، تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار رہنما اور کارکنان کو پہلے تھانہ سول لائن منتقل کیاگیاتھا۔ہمارے ورکرز کنونشن سے کئی کارکنوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔