کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا ڈمپنگ سائٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے درختوں سے کور کرنے کے پراجیکٹ کا جائزہ

ہفتہ 19 اپریل 2025 15:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے ایس ڈبلیو ایم سی کی چک نمبر 91 شمالی کے قریب ڈمپنگ سائٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے درختوں سے کور کرنے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور دونوں افسران نے خود بھی پودے لگائے۔ اس موقع پر سی ای او کمپنی رانا شاہد عمران، سی او ایم سی عمر فاروق اور اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا سید اسد عباس شیرازی بھی موجود تھے۔

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چک نمبر 91 شمالی کے قریب ڈمپنگ سائٹ کے ساتھ شاہراہ پر ایک کلومیٹر میں 16 سو پودے لگائے گئے ہیں، جس کا بنیادی مقصد ڈمپنگ سائٹ کو کور کرنا ہے تاکہ گزرنے والے مسافروں کو صاف ماحول کا احساس ہو سکے ۔

(جاری ہے)

کچھ عرصہ میں پودے گھنے درخت کی شکل اختیار کر لیں گے۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ڈمپنگ سائٹ پر لگے کانٹے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ویسٹ کی ان لوڈنگ کا بھی جائزہ لیا۔

انہیں ڈیش بورڈ کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالے بارے آگاہی بھی دی گئی۔ کمشنر نے کنٹریکٹر پر واضح کیا کہ صفائی امور میں غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کٹریکٹر طے شدہ معاہدے کے تحت شہری اور دیہی علاقوں کی صفائی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر اسے روزانہ کی بنیاد پر پلنٹی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ آئندہ ماہ سے تحصیل سرگودہا کے ورکرز کو مقررہ 37 ہزار تنخواہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادا کی جائے گی۔ اسی طرح شہریوں میں ستھرا پنجاب بارے آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :