بڈگام ،بھارتی پولیس نے شہری کی گاڑی کالے قانون کے تحت ضبط کر لی

ہفتہ 19 اپریل 2025 17:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی پولیس نے ضلع بڈگام میں ایک شخص کی گاڑی کالے قانون کے تحت ضبط کر لی ، گزشتہ روز پولیس نے سرینگر میں ایک شہری کی موٹر سائیکل کالے قانون کے تحت ضبط کی تھی۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے حکم پر بڈگام کے علاقے کانٹھ باغ کرالپورہ کے رہائشی مدثر احمد راتھر کی ملکیتی ٹویوٹا ایس یو وی گاڑی سخت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت ضبط کی۔

ان کی یہ گاڑی آزادی پسند سرگرمیوں کی پاداش میں ضبط کی گئی ۔پولیس نے گزشتہ دن سرینگر کے علاقے خانیار کے رہائشی فہد بشیر صدیقی کی موٹر سائیکل ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت ضبط کی تھی۔مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ جموںکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد کشمیریوں کے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک پر قبضے اور ضبطی کا مذموم سلسلہ تیز کردیا جسکا مقصد انہیں معاشی طور پر مفلوک الحال بنانا اور انہیں خوفزدہ کر کے تحریک آزادی سے دور رہنے پر مجبور کرنا ہے۔