ایران اورامریکا کے درمیان عمان کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات روم میں شروع

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:29

ایران اورامریکا کے درمیان عمان کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات روم میں ..
روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء)ایران اور امریکا کے درمیان عمان کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات روم میں شروع ہوگئے۔مذاکرات میں ایرانی نمائندگی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی نمائندگی مشرق وسطی کیلیے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکاف کر رہے ہیں۔ مذاکرات سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے اطالوی ہم منصب سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایران ہمیشہ سے سفارتکاری کیلیے پُرعزم رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فریقین موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معقول، منطقی جوہری معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کریں۔ ایسا معاہدہ جو ایران کے جائز حقوق کا احترام، غیر منصفانہ پابندیوں کے خاتمے اور جوہری سرگرمیوں سے متعلق شک و شبہ کا ازالہ کرسکے۔دوسری جانب اطالوی وزیرخارجہ انتونیو تاجانی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ روم امن اور ڈائیلاگ کا دارالحکومت بن گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ کو جوہری ہتھیاروں کے خلاف مذاکرات کے راستے پر چلنے کی ترغیب دی۔انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ہم سب مل کر مشرقِ وسطیٰ کیلیے مثبت حل تلاش کر سکیں۔