کوئٹہ، ایسٹر کے موقع پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف مسیحی برادری کا احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 19 اپریل 2025 21:25

ٹ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین نے ایسٹر کے موقع پر حکومت کے احکامات کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف عدنان عارف جہانگیر کی قیادت میں ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے عدنان عارف جہانگیر،سردار جسبیر سنگھ،چوہدری پرویز،راج پراچہ، ثاقب بھٹی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ایسٹر کے موقع پر14اپریل کو مسیحی ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس پر عملدرآمد نہیں ہوا اور بلوچستان میں بسنے والی مسیحی کمیونٹی کو ذہنی اذیت سے دوچارہونا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اڑھائی ہزار ملازمین میں سے اکثریت کا تعلق مینارٹی سے ہے لیکن ایڈمنسٹریٹر،چیف آفیسر اور اکانٹ آفیسرکی نااہلی کی وجہ سے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں اور مسیحی برادری کے بچے عید کی خوشیاں منانے سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، سینیٹر دھنیش کمار اوردیگر اقلیتی نمائندے اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں انہیں اقلیتوں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی نمائندوں کو اربوں روپے کے فنڈز ملتے ہیں لیکن وہ فنڈز خوردبرد کی نظر ہوجاتے ہیں اس سلسلے میں ہم جلد کورٹ سے بھی رجوع کریں گے۔ انہو ں نے وزیراعلی بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ انکے اعلان کے باوجود ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیں اور غفلت میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔