اوورسیز پاکستانی ملک سے باہر رہ کر بھی ملک کی لازوال خدمت کر رہے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی املاک کی حفاظت کیلئے زیادہ موثر قانون سازی کی ضرورت ہے، چیئرمین ایم کیوایم پاکستان

ہفتہ 19 اپریل 2025 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانی ملک سے باہر رہ کر بھی ملک کی لازوال خدمت کر رہے ہیں، ملکی معیشت کو سنبھالے رکھا ہوا ہے اور پاکستان کی دنیا بھر میں ترجمانی کر کے قومی سطح پر نئی راہیں ہموار کر رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا بہت قیمتی اثاثہ ہیں، ہمیں انکے مسائل کا ادراک ہے اور ہم قومی سطح پر انکے حل کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، بالخصوص ایم کیو ایم پاکستان کے اوور سیز کارکنان جو ہمارے ساتھ پاکستان کی خدمت اور ترقی کیلئے اپنے اجداد کی امانت سمجھ کر استقامت کے ساتھ کھڑے رہے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں اوور سیز بیلجیم یونٹ کے چیئرمین فرید خان کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد کے شرکا سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رہنما مسعود محمود، اراکینِ اسمبلی فرحان چشتی اور آسیہ اسحاق بھی موجود تھے، چیئرمین ایم کیو ایم نے وفد کے تمام شرکا کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پر خوش آمدید کہتے ہوئے ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور خدمت کے جذبے کے ساتھ رابطے مزید تیز کرنے کی ہدایت دی، نیز اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی املاک کی حفاظت کیلئے زیادہ موثر قانون سازی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر فرید خان نے اوور سیز ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو یورپی یونین کے مختلف ممالک کے دورے کی دعوت بھی دی۔