Live Updates

پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی

اتوار 20 اپریل 2025 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ ٹام کوہلر کیڈمور نے نصف سنچری اسکور کی۔ ملتان سلطانز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 15.5 اوورز میں 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

عثمان خان 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ علی رضا نے تباہ کن بائولنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زلمی کے عبدالصمد کو 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے جس میں کئی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

(جاری ہے)

زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ صائم ایوب صرف 2 رنز بنا کر بریسویل کا شکار بنے اور کپتان بابر اعظم بھی 5 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا کر ڈیوڈ ولی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ٹام کوہلر کیڈمور اور محمد حارث نے ٹیم کو سہارا دیا۔ کیڈمور نے 30 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ محمد حارث نے صرف 21 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔

عبدالصمد نے 14 گیندوں پر 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ مچل اوون نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 15 گیندوں پر 34 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ حسین طلعت نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ مائیکل بریسویل، ڈیوڈ ولی اور عبید شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہو گئی اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

عثمان خان نے 22 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ تمام بیٹرز بری طرح ناکام رہے۔ کپتان محمد رضوان 15، شائے ہوپ نے 20، کامران غلام 6، مائیکل بریسویل 3، ایشٹن ٹرنر صفر، افتخار احمد 2، ڈیوڈ ویلی 13، اسامہ میر 1 اور عاکف جاوید بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ علی رضا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ عارف یعقوب نے 3 اور مچل اووین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات