ریاسی میں آسمانی بجلی گرنے سے2 اور رام بن میں بادل پھٹنے سے2 افرادجاں بحق

اتوار 20 اپریل 2025 11:30

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) بھارت کےغیرقانونی طورپر زیرتسلط جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون سمیت 2 خانہ بدوشوں اور بادل پھٹنے سے2 افرادجاں بحق جبکہ ان کے درجنوں پالتو جانوربھی ہلاک ہوگئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی رات جھامیری کے علاقے دنسل میں پیش آیا۔ خانہ بدوش خاندان اس وقت آسمانی بجلی کی زد میں آگیا جب وہ ایک علاقے سے دوسرے علاقے کی طرف ہجرت کے دوران وہاں عارضی طور پر مقیم تھا۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت محمد راشد اور شہباز بیگم کے طور پر ہوئی ہے، دونوں ریاسی کے علاقے دھروٹ کے رہنے والے تھے۔خاندان کی ایک اور خاتون کو جس کی شناخت کی تصدیق ہونا باقی ہے، آسمانی بجلی گرنے سے طبیعت بگڑنے پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ خاندان کو کافی مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا کیونکہ بھیڑ اور بکریوں سمیت ان کے 40کے قریب پالتو جانور بھی اس واقعے میں ہلاک ہو گئے۔

دریں اثناء ضلع رامبن کے علاقے سیری بگنا میں بادل پھٹنے سے دو بچوں سمیت 3 افراد کی موت ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ بادل پھٹنے کا واقعہ آج صبح سویرے پیش آیااور اس کے نتیجے میں علاقے میں سیلاب آیا جس سے شدید نقصان ہوا۔حکام نے بتایا کہ تین لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ نقصان کا مکمل تخمینہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عاقب احمد، ثاقب احمد اور منیر احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔