ایسٹر کے موقع پر راولپنڈی پولیس کے سکیورٹی اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات

اتوار 20 اپریل 2025 15:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) ایسٹر کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات کیے ہیں تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 2500 سے زائد افسران سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 150 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور تھانوں کی موبائلز بھی مختلف علاقوں میں گشت کے فرائض انجام دے رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریفنگ اور چیکنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گرجا گھروں میں داخل ہونے والے افراد کو مکمل باڈی سرچ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم عمل ہے۔

متعلقہ عنوان :