اسلام آباد ٹریفک پولیس کی 42 ہزار سے زائد درخواست دہندگان کو سہولت ، 121 ملین ریونیو اکٹھا کیا

اتوار 20 اپریل 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی ) نے رواں سال پہلی سہ ماہی کے دوران 42 ہزار سے سے زائد درخواست دہندگان کو سہولت فراہم کی ہے اور اپنے خدمت مرکز نیٹ ورک، موبائل وینز اور دستاویزات جمع کرنے والے کاؤنٹرز کے ذریعے لائسنس کی مد میں 121 ملین روپے سے زائد کی آمدنی حاصل کی ہے ۔آئی ٹی پی کے حکام کے مطابق شکرپڑیاں، ایف 6، سوان گارڈن، جی 14 اور سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) سمیت دیگر چھ مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ موبائل وینز دور دراز اور ترجیحی درخواست دہندگان کی خدمت کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوری سے مارچ تک شکرپڑیاں مرکز نے 12,532 لرنر پرمٹ اور 1,127 تجدید کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایف 6 سنٹر نے 4,166 لرنر پرمٹ اور 543 لائسنس کی تجدید کی جبکہ دیگر مراکز نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی نے شکرپڑیاں سے 62.78 ملین روپے، ایف 6 سے 49.51 ملین روپے، موبائل وین کے ذریعے 3.18 ملین روپے، سوان سے 2.09 ملین روپے، Cascade سے 1.89 ملین روپے، سی پی او آفس سے 915,800 روپے اور جی 14 سے 693,200 روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے۔

آئی ٹی پی حکام نے کہاا کہ حلقہ پر مبنی کلیکشن کاؤنٹرز کے ذریعے 138,229 دستاویزات موصول ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی نے سہ ماہی کے دوران ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر 288,459 چالان بھی جاری کیے، چیف ٹریفک آفیسر ذیشان حیدر کی نگرانی میں فیض آباد، آبپارہ، F-10 مرکز، I-8 مرکز اور بلیو ایریا سمیت علاقوں میںٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو تیز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جب کہ سکولوں، دفاتر اور تجارتی مراکز میں 893 روڈ سیفٹی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی خواتین کا لائسنسنگ کاؤنٹر بھی چلا رہا ہے اور 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کے لیے ہوم ڈیلیوری کی خدمات پیش کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2025 کی فیس کے شیڈول میں لرنر پرمٹ کے لیے 1,000 روپے، غیر پیشہ ور لائسنس کے لیے 6,000 روپے اور پیشہ ورانہ لائسنس کے لیے 13,000 روپے شامل ہیں۔

دریں اثناء چیف ٹریفک آفیسر ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ آئی ٹی پی شہریوں کوخدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواہ نوجوان درخواست گزار ہوں، بزرگ شہری ہوں یا ورکنگ ویمن، ہمارا مقصد موثر، باوقار اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔