پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں شدید موسمی حالات کے باعث پھنسے سیاحوں اور مقامی افراد کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا

جمعہ 25 جولائی 2025 23:35

پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں شدید موسمی حالات کے باعث پھنسے سیاحوں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں شدید موسمی حالات کے باعث پھنسے سیاحوں اور مقامی افراد کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔ پاک فضائیہ کے C-130 طیارے نے جمعہ کو خصوصی آپریشن کے ذریعے 125 افراد کو بحفاظت منتقل کیا۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو آپریشن صبح 7 بج کر 55 منٹ پر شروع ہوا جب C-130 طیارہ نور خان ایئر بیس سے قادری بیس پہنچا۔

(جاری ہے)

طیارے نے 82 شہریوں، 25 پاک فوج کے اہلکاروں اور 18 پاک فضائیہ کے اہلکاروں سمیت 125 مسافروں کو ریسکیو کیا۔ طیارہ صبح 8 بج کر 52 منٹ پر قادری بیس سے روانہ ہوا اور کامیاب آپریشن کے بعد نور خان ایئربیس پہنچا۔پاک فضائیہ اور افواج پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت اور فلاح کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے بھی اس آپریشن میں بھرپور تعاون کیا۔یہ آپریشن پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوام کے تحفظ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔