صوبائی وزیرفیصل ایوب کھوکھرکی زیرصدارت اہم اجلاس، مریم نوازراشن کارڈ کی ورکرز میں تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ

جمعہ 25 جولائی 2025 23:01

صوبائی وزیرفیصل ایوب کھوکھرکی زیرصدارت اہم اجلاس، مریم نوازراشن کارڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مریم نواز راشن کارڈ کی ورکرز میں تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث - کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی - پنجاب بینک اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران بتایا کہ ورکرز میں روزانہ کی بنیاد پر راشن کارڈز کی تقسیم جاری ہے ۔ فیصل ایوب کھوکھر نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں 23,000 آؤٹ لیٹس اور دکانوں پر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جارہی ہے ۔ ہرتحصیل میں کم از کم 200 دکانیں ایسی مختص کی گئی ہیں جہاں ورکرز کو اشیائے ضروریہ پر رعایت فراہم کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

جن فیکٹریوں میں ورکرز کی تعداد زیادہ ہے وہاں متعلقہ افسران خود جا کر کارڈ تقسیم کررہے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ورکرز کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور پیسی کے 22 ڈائریکٹوریٹس ورکرز میں کارڈز تقسیم کرنے میں مصروف ہیں ۔ فیصل ایوب کھوکھر نے ہدایت دی کہ ورکرز کی فوری بائیو میٹرک رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے فیکٹری مالکان سے بات چیت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے نہایت متحرک کردار ادا کر رہی ہیں ۔