نوجوان ڈاکٹرز نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کا سرمایہ ہیں،قائمقام گورنر عبد الخالق اچکزئی کا کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 58ویں کانووکیشن سے خطاب

اتوار 20 اپریل 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) قائمقام گورنر بلوچستان عبدالخالق اچکزئی نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے 58ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو مبارکباد پیش کی اور اُن کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ڈاکٹرز نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کا سرمایہ ہیں۔

اتوار کو کوئٹہ میں اپنے خطاب میں گورنر بلوچستان نے صوبے اور ملک کی مجموعی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ دوسروں پر انگلیاں اٹھاتے ہیں، جبکہ اصل ضرورت خوداحتسابی اور اصلاحِ احوال کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جب ہم مخلص ہوں گے تو تمام مسائل کا حل ممکن ہوگا،عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کی حقیقی تصویر وہ نہیں جو بعض اوقات پیش کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان پاکستان کے رقبے کا 43 فیصد ہے، اور اس صوبے کی ترقی کو مسلسل نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی ترقی عوامی نمائندوں کی مخلصانہ کوششوں کی مرہون منت ہے۔ پختونخوا کی ترقی وہاں کے لوگوں کے خلوص کی بدولت ممکن ہوئی۔

انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان میں بھی اگر مخلص قیادت ہو تو تبدیلی ممکن ہے۔قائمقام گورنر نے امید ظاہر کی کہ آنے والا وقت بلوچستان اور پاکستان کے لیے روشن ہوگا اور پاکستان اور بلوچستان کو کچھ نہیں ہوگا۔ آنے والے دنوں میں پاکستان امت مسلمہ کی رہنمائی کرے گا۔انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی پیغام دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں، کیونکہ تبدیلی کا سفر جاری ہے۔