پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پر وزارت خارجہ اور چین کے سفارتخانے کے اشتراک سے سمپوزیم کا اہتمام

پیر 21 اپریل 2025 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے بارے میں پیر کو یہاں وزارت خارجہ اور چین کے سفارتخانے نے " مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین پاکستان اشتراک سے کمیونٹی کی تعمیر"کے موضوع پر ایک سمپوزیم کا اہتمام کیا۔ تقریب میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، پاکستان میں چین کے سفیر، پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ سابق سینیٹر مشاہد حسین سید، چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی، سینئر سیاسی رہنمائوں افراسیاب خٹک اور عبداللہ حمید گل کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے چیئرمین خالد محمود، ڈائریکٹر ڈاکٹر طلعت شبیر، حسن دائود بٹ، ماہرین تعلیم، حاضر سروس اور سابق سفارتکاروں، پاکستان چین تعلقات کے ماہرین اور صحافیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ اور سفارتی تعلقات کا ذکر کیا جنہیں گزشتہ ایک دہائی سے چین-پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) نے نئی جہت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پاکستان میں اقتصادی زونز کو فعال بنانے میں بھرپور کردار ادا کررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے چین کے شہروں تک پروازوں کا اجرا کیا جائے گا جس سے برآمدات کی ترسیل ممکن ہوگی اور پاکستان کے عوام بالخصوص بلوچستان کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ تقریب کا اہتمام چین کے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا تھا۔