آنے والا ہر دن ہیلتھ کیئر سسٹم کیلئے بہتر ثابت ہو گا‘ خواجہ سلمان رفیق

وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں‘ وزیر صحت

پیر 21 اپریل 2025 17:08

آنے والا ہر دن ہیلتھ کیئر سسٹم کیلئے بہتر ثابت ہو گا‘ خواجہ سلمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور کی وائٹ کوٹ تقریب 2025 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد معین، پروفیسر محمد یوسف، سابق پرنسپل پروفیسر وحید الحمید، ڈاکٹر سعدیہ شکیل، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے پروفیسر سارہ غفور، سابق پرنسپل پروفیسر نازیہ یزدانی، پرنسپل پروفیسر نبیلہ ریاض، ایم ایس ڈاکٹر فرح، پروفیسر محمد الیاس، پروفیسر آصف علی شاہ، پروفیسر شاہد علی، انور رشید، ڈاکٹر طاہر اور طلباء و طالبات سمیت والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروفیسر محمد الیاس نے وائٹ کوٹ پہننے والے طلباء و طالبات سے خدمت انسانیت کا حلف لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سابق پرنسپلز کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہاکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے حال ہی میں 300 سے زائد ڈینٹل سرجنز کو بھرتی کیا ہے۔

بی ڈی ایس کے بچے انشاء اللہ چار سال بعد ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کر رہے ہوں گے۔انشاء اللہ آنے والا ہر دن ہیلتھ کیئر سسٹم کیلئے بہتر ثابت ہو گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔

لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔کلینیکل ایکسی لینس بہت اہم ہے۔ اللہ تعالیٰ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے کو بہت پسند فرماتا ہے۔حکومت پنجاب نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینٹل سرجنز کو تعینات کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وائٹ کورٹ ایک ذمہ داری کی علامت ہوتا ہے۔یہ وائٹ کوٹ ہمارے بچوں کو پیشنٹ کیئر اور خدمت انسانیت کا پیغام پہنچاتا ہے۔

ساری دنیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے جدت اپنا رہی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور پاکستان کا ایک معتبر اور بہترین طبی ادارہ ہے۔ پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد معین نے کہاکہ اس ادارے میں انشاء اللہ آپ بہترین تعلیم حاصل کریں گے۔ پروفیسر محمد معین نے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔پرنسپل مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور پروفیسر نبیلہ ریاض نے کہاکہ ایمانداری اور پوری توجہ سے مریضوں کی خدمت کریں۔