نوجوان نے اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کو ہاسٹل میں گولیاں مار کر قتل کردیا

22 سالہ طالبہ کو تین روم میٹس کی موجودگی میں گولیاں ماری گئیں، پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 اپریل 2025 14:18

نوجوان نے اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کو ہاسٹل میں گولیاں مار کر قتل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کوہاسٹل میں گولیاں مارکر قتل کردیا گیا جس کی اطلاع ملنے پر تھانہ رمنہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 سالہ طالبہ کو تین روم میٹس کی موجودگی میں گولیاں ماری گئیں، تھانہ رمنہ میں درج ایف آئی آر میں مقتولہ کے بھائی نے مؤقف اپنایا ہے کہ اسلامک یونیورسٹی میں بہن کے قتل کا واقعہ گزشتہ روز سوا 12 بجے اس وقت پیش آیا، جب نامعلوم نوجوان ہاسٹل میں داخل ہوا، میری بہن کمرے سے باہر آئی تو نامعلوم ملزم زبردستی کمرے میں داخل ہو گیا، ملزم نے سب کو خاموش رہنے کا کہا اور میری بہن کو گولی ماردی اور وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سرگودھا سے اغواء کرنے کے بعد نوجوان نے نکاح کا ڈرامہ کرکے 13 سالہ طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور 3 ماہ تک دوستوں سے بھی اس کا ریپ کرواتا رہا، سرگودھا کے نواحی گاؤں 132 جنوبی کی رہائشی 13 سالہ لڑکی کو گاؤں کے ایک شخص کامران نے اغوا کیا، اغواء کار لڑکی کو لاہور لے گئے جہاں 3 ماہ تک اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا گیا، مرکزی ملزم لڑکی کے ساتھ فرضی نکاح کا ڈرامہ کرکے خود بھی زیادتی کرتا رہا اور اپنے دیگر 3 دوستوں سے بھی لڑکی کا ریپ کروایا، 4 افراد نے لڑکی کے ساتھ گن پوائنٹ پر اجتماعی زیادتی کی اور اس دوران اس کی ویڈیو بھی بنائی۔

واقعے سے متعلق بتایا گیا کہ 3 ماہ تک ملزمان کی ہوس کا نشانہ بننے کے بعد لڑکی بھاگ کر سلا نوالی ویگن اڈے پر پہنچی، جس کے بعد معاملہ متعلقہ تھانے پہنچا تو پولیس نے لڑکی کے بیان کی روشنی میں اس کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، مرکزی ملزم کامران اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کردیا۔