مریم نواز نے پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے 110ارب روپے کے ریکارڈ پیکج کااعلان کر دیا

ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام کے تحت 25 ارب روپے کے امدادی پیکج کی منظوری،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے کسان دوست اقدامات کا اعلان کیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 21 اپریل 2025 15:30

مریم نواز نے پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے 110ارب روپے کے ریکارڈ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل 2025)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے 110ار ب روپے کے ریکارڈ پیکج کا اعلان کر دیا، ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام کے تحت 25 ارب روپے کے امدادی پیکج کی منظوری ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے کسان دوست اقدامات کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس میں گندم کے کاشتکاروں کیلئے 110 ارب روپے کے مجموعی پیکج کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کے پانچ ایکڑ پر کاشت کرنے والے کسانوں کو فی کسان 25 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی وزیر زراعت کو گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بھی گندم خریداری مہم میں معاونت کرے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے اور اضلاع کی سطح پر گندم اگانے کے مقابلے ہوں گے اور کاشتکاروں کو ٹریکٹرز اور رقم دی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کے کاشتکاروں کو 2.5ارب روپے کی لاگت سے 1000 ٹریکٹر مفت دیئے گئے اور 8 ارب روپے ٹیوب ویل سولرائزیشن کی مد میں سبسڈی دی گئی۔اجلاس میں فلور ملوں کو کم از کم 25 فیصد گندم خریداری کا پابند بنانے کیلئے لازمی ترمیم کرنے اور الیکٹرونک وئیر ہاوسنگ ری سیٹ پالیسی اور بنک آف پنجاب کو 100 ارب روپے کی کریڈٹ لائن قائم کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ مریم نواز نے گندم کے کاشتکا روں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ساڑھے 5 لاکھ کاشت کاروں کو براہ راست گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی تھی۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس سال گندم کے کاشتکاروں کیلئے آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ کا اعلان کیاتھا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے گندم کے کاشتکا روں کیلئے پیکج کا اعلان کر تے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ گندم کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ سپورٹ کی رقم دی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاشتکاروں کوآبیانہ اور فکس ٹیکس میں چھوٹ دی جا رہی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ، گندم کو موسمی اثرات سے بچانے کیلئے چار ماہ کی مفت اسٹوریج سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیں گی۔ کسان ہمارے بھائی ہیں اور ہم ہر دم ان کے ساتھ کھڑے تھے۔