شہباز شریف کا جولائی 2024 تا مارچ 2025 ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کا خیر مقدم

ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات اس وقت 13.613 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے، وزیراعظم

پیر 21 اپریل 2025 17:37

شہباز شریف کا جولائی 2024 تا مارچ 2025 ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جولائی 2024 تا مارچ 2025 ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات اس وقت 13.613 بلین ڈالر کی بلند ترین سطح پر ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مارچ 2025 میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں گزشتہ ماہ کے مقابلے 6.27 فیصد اضافہ پاکستانی معیشت کی ترقی اور حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اعشاریے حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے تعاون اور انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوئے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ترقی کے سفر میں مزید تیزی کے لیے حکومتی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، ہم نجی شعبے کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ ملکی برآمدات میں مستقل اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔