ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کا انسداد پولیو کی جاری مہم کے سلسلے میں لالہ کلے کا دورہ

پیر 21 اپریل 2025 19:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے انسداد پولیو کی جاری مہم کے سلسلے میں لالہ کلے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے انسداد پولیو ٹیموں سے تفصیلی بات چیت کی، ان کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور کوریج کی صورتحال سے متعلق آگاہی حاصل کی۔

انہوں نے ٹیموں کی محنت اور جذبے کو سراہا اور ان کے جذبہ خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے والدین کو پولیو جیسے موذی مرض کے خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو صرف ایک بیماری نہیں بلکہ ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، جس سے بچاؤ صرف پولیو ویکسین کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر پولیو مہم کے دوران قطرے ضرور پلائیں،یہ صرف آپ کے بچے کا تحفظ نہیں بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ہر فرد کا تعاون اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، آئیں مل کر ایک محفوظ، صحت مند اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھیں۔

متعلقہ عنوان :