پی ٹی آئی حکومت 13سالوں میں صوبے کے بنیادی مسائل حل ،حقوق کے حصول کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کر سکی ،ناظم اقبال زادہ

پیر 21 اپریل 2025 22:43

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)اے این پی کی صوبائی کونسل کے رکن اور تحصیل کونسل صوابی کے نائب ناظم اقبال زادہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت گزشتہ تیرہ سالوں کے دوران صوبے کے بنیادی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کر سکی ، جس کی وجہ سے صوبے میں بدامنی ، لوڈ شیدنگ ، بیروزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے ، صوابی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنی دور میں صوابی سمیت صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں ، اب بھی ہر شعبے میں عملی کردار ادا کررہی ہے صوابی ایک رسک ضلع ہے یہاں کے وسائل اور مسائل پر توجہ نہیں دی گئی ، تربیلہ ڈیم سے بجلی کی آمدن اور تمباکو کے مد میں اربوں روپے ٹیکس سے کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے ، افیون کی کاشت کے متبادل روزگار کے لئے قائم گدون صنعتی بستی بجلی کی مد میں چھوٹ اور سستے نرخوں بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے ، ربڑ سٹیمپ اسمبلی اور نااہل حکمرانوں نے سارے نظام اور ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے ، بارہ سال کے دوران فارن فنڈنگ سے آبپاشی کے عظیم منصوبے پیہور ہائی لیول کینال کے توسیعی منصوبے کی آٹھ بار افتتاح ہونے کے باوجود مکمل نہ کر سکا ، حالانکہ صوابی ایک زرعی ضلع ہے اس لیے زراعت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اس موقع پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی عثمان شیر نے پارٹی کی تنظیموں اور کارکنوں کے اتحاد و اتفاق اور متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت اے این پی صوبے کی ایک بڑی جماعت ہونے کے ناطے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر سکے گی ، صدر صوابی پریس کلب جلیل احمد خان اور جنرل سیکرٹری مقدم خان نے کہا کہ صوابی پریس کلب ضلع کے تمام کارکن صحافی برادری کی پلیٹ فارم ہے ، ورکنگ صحافیوں کے لیے صوابی پریس کلب کے دروازے کھولے ہیں ، عوام اور حکومت کے مابین مسلوں کی نشاندہی اور اس کے حل کے لیے پریس کلب ہی ایک پل کا کردار ادا کر سکتا ہے ۔