ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کیلئے 10 کروڑ کا فنڈ مختص کریں گے۔ وزیر تعلیم

مستقل وی سیز تقرری کے بعد نوجوان ٹیلنٹ کو نکھرنے کے مواقع ملے۔ رانا سکندر حیات

پیر 21 اپریل 2025 23:02

ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کیلئے 10 کروڑ کا فنڈ مختص کریں گے۔ وزیر تعلیم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندرحیات نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا ٹیک ایجوکیشن کی طرف راغب ہونا خوش آئند ہے۔ طلباء کو سکلز بیس ایجوکیشن کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں سکولز لیول پر طلباء کو ٹیک ایجوکیشن کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر بھی ٹیکنالوجی سے متعلقہ مقابلہ جات اور نمائشوں کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کو جدت کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پن ٹیک ایکسپو میں شریک طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایکسپو میں پنجاب کے 48 یونیورسٹیوں اور 14 کالجز کے طلبائ کی جانب سے 640 سے زائد پراجیکٹس نمائش کیلئے پیش کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

نمائش میں کیمیکل، سول، مکینیکل، الیکٹریکل، آئی ٹی، طب، بائیو میڈیکل، زراعت، سائنس، سوشل سائنس اور دیگر شعبہ جات پر مشتمل ماڈلز رکھے گئے تھے۔

وزیر تعلیم نے تمام سٹالز اور دورہ کیا اور طلبائ سے ماڈلز کی معلومات لینے کے ساتھ ساتھ ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کے بعد تعلیمی اداروں سے ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آ رہا ہے۔ سکالرشپ پروگرام کے ذریعے ٹیلنٹ کو نکھرنے کے مزید مواقع ملے ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پن ٹیک ایکسپو کا مقصد اکیڈیمیا اور انڈسٹری کا آپس میں تعلق پیدا کرنا اور نوجوانوں کو مواقع مہیا کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے انڈسٹری قابل نوجوانوں تک رسائی حاصل کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نوجوانوں کو اپنے خیالات عملی صورت میں ڈھالنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے ہر کیٹیگری کے پہلے نمبر کیلئے منتخب ماڈل کیلئے 5 لاکھ اور دوسرے نمبر کیلئے منتخب ہر کیٹیگری کے ماڈل کیلئے 2 لاکھ انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی ایکسپو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ بہت جلد نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، نکھار اور مزید مواقع دینے کیلئے 10 کروڑ کا فنڈ مختص کریں گے۔