سیالکوٹ پولیس کی کارروائی،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

پیر 21 اپریل 2025 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) سیالکوٹ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کرامت عرف چیسا گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتارکر کے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ برآمدکرلیا۔ پیر کو ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے پیش نظر ڈی ایس پی صدر سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ اگوکی انسپکٹر نعمان احمد نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کرامت عرف چیسا گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھینتے اور فرار ہو جاتے تھے۔دوران تفتیش ملزمان نے درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیاہے۔ ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ، 3عدد موٹر سائیکلیں ، نقدی 2 لاکھ 10 ہزار روپے، 5عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ ناجائز 3 عدد پسٹل 30 بور معہ متعدد گولیاں برآمد کی گئیں ہیں۔

گرفتار ملزمان میں کرامت علی سکنہ محلہ شریف پورہ اگوکی،آفتاب عرف نومی سکنہ اگوکی،محمد آفتاب سکنہ محلہ مرجان اگوکی،آفتاب حسین سکنہ مرجان اگوکی شامل ہیں جن سے مزید برآمدگی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم میں شامل تمام افسران و ملازمان کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔