ملک کے حکمران کب نیند سے بیدار ہوں گے،ثروت اعجاز قادری

شدید گرمی میں بھی کے الیکٹرک عوام کی دشمن بنی ہوئی ہے،محکمہ موسمیات بھی ہیٹ ویو کی پیشنگوئی کر چکا ہے مگر کے الیکٹرک کو رحم نہیں آرہا،صدر پاکستان سنی تحریک

پیر 21 اپریل 2025 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)جس کا جیسا دل چاہ رہا ہے وہ عوام کو بس لوٹنے میں لگا ہوا ہے،کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کے باعث مہنگائی اور بے روزگاری کے بھنور میں پھنسی ہوئی عوام کس طرح بل ادا کرے گی،پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے بجلی کی طویل بندش پر عوامی احتجاج کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 100 200 300 یونٹ کے چکر میں پھنسا کر کے الیکٹرک عوام کی جیبیں خالی کر رہی ہے۔

جس طرح کا ماحول یہاں بنا دیا گیا ہے ایسا دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوتا۔ملک کے حکمران کب نیند سے بیدار ہوں گے۔کیوں حکمرانوں کو عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کا احساس نہیں ہے۔بجلی کے محکمے کو پرائیویٹائز کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ عوام کی اچھے طریقے سے خدمت کرے مگر یہاں خدمت کا مطلب ہی الٹا کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کا محکمہ عوام کے سر پر چڑھ کر بیٹھ گیا ہے۔

بجلی کے محکمے والے یہ نہ بھولیں عوام کو سر پر چڑھنے والوں کو اچھے طریقے سے اتارنا آتا ہے۔شدید گرمی میں بھی کے الیکٹرک عوام کی دشمن بنی ہوئی ہے۔کے الیکٹرک کی افسر شاہی کا تو یہ عالم ہے کہ جس کا جتنا بل بنا دیا اسے اتنا ہی بھرنا ہے۔مظلوم شہری کے الیکٹرک کے دفتر کے چکر لگا لگا کر تھک جاتے ہیں مگر مجال ہے کہ کے الیکٹرک والوں کو ان پر رحم آجائے۔

ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات بھی ہیٹ ویو کی پیشنگوئی کر چکا ہے مگر کے الیکٹرک کو رحم نہیں آرہا ہے۔کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بڑھتی جا رہی ہے۔دن ہو یا رات جب دل چاہتا ہے بجلی بند کر دیتے ہیں۔عوام احتجاج کرے تو اعلانیہ جاری کر دیتے ہیں کہ فلاں علاقے کے کروڑوں روپے کے بل واجب الادا ہے۔جب بجلی اتی نہیں ہے تو اتنے بل کیسے آ جاتے ہیں کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ہے۔اگر متعلقہ محکمے نے اپنی روش نہیں بدلی تو پھر عوام اپنی روش پر آ جائے گی۔سڑکوں پر نکلنے والا عوامی سمندر کوئی روک نہیں پائے گا۔